پی ٹی آئی میں گروہ بندی کرنے والے رہنماؤں کے خلاف کارروائی ہو گی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جماعت میں دھڑے بندی روکنے اور نظم و ضبط کی پاسداری کو فروغ دینے کے لیے ڈسپلنری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جماعت کے اندر نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور گروہ بندی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

پارٹی آئین میں ترمیم کے لیے دی گئی تجاویز میں جماعت میں دھڑے بازی کرنے، نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اور دیے گئے ہدف پورا نہ کرنے پر کارروائی کی جائے گی۔

رہنماؤں کا رویہ بہترین بنانے کے لیے کارکنوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے اور ضلع کی سطح پر ڈسپلنری کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور شکایت کی صورت میں کمیٹی ایک ہفتے کے اندر فیصلہ کرے گی۔

جس کے خلاف شکایت موصول ہو گی اسے صفائی کا ایک موقع بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ شکایت ثابت ہونے پر پارٹی رکنیت معطل کرنے تک کی سزا دی جاسکے گی۔

وفاق کی سطح پر کمیٹی شکایت کا جائزہ لے کر پارٹی عہدے سے ہٹانے کی سفارش بھی کر سکے گی۔


متعلقہ خبریں