عارف احمد خان ٹریڈ ڈویلپمینٹ اتھارٹی کے چیئرمین تعینات



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عارف احمد خان کو ٹریڈ ڈویلپمینٹ اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں جیلوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

مذکورہ کمیٹی ایسے قیدیوں کی فہرست بھی مرتب کرے گی جو جرمانہ ادا نہیں کر سکتے یا وکیل کی فیس کی سکت نہیں رکھتے۔ کمیٹی پورے پاکستان سے اعدادوشمار اکٹھے کرے گی جس کی بنیاد پر ملک میں جیلوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں شریک ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی تجاویز پیش کی جائیں جو عام آدمی کی زندگی کو سہل بنا سکیں۔

حکومت نے کمیٹی برائے تحفظ قومی شاہراہیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوگی۔

کابینہ نے قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کا سربراہ تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

ہوا بازی کے محکمے میں سروسز اور ریگولیشن کے شعبوں کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ایئرپورٹ کے مسائل کو کم کیا جائے۔ نوٹیفکیشن کے بعد دونوں شعبے الگ الگ کام کریں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بارش سے پیدا ہونے والے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق صوبائی حکومت کی مدد کرے گا۔

عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ عوامی سہولت کے لیے بنائے گئے شکایت سیل نے سات لاکھ سے زائد مسائل حل کیے ہیں۔ سندھ میں سب سے کم شکایات حل کی گئی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے فیڈرل گورنمنٹ ہاوسنگ اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی ہے۔ مزید براں عمران ناصر خان کو چیئرمین پاسکو بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے معذور افراد کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات اٹھانے اور غربت مٹاو مہم کو سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

عمران خان نے راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سی ڈی اے اسلام آباد کو ہدایت کی کہ نئی تعمیرات کو منظوری کا نوٹس اس وقت تک نہ دیا جائے جب تک مناسب رہائشی سہولیات نہ ہوں۔


متعلقہ خبریں