اسلام آباد: گزشتہ روز حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان میں قومی اسمبلی کا کوئی رکن شامل نہیں تھا۔
29 جون کو بنی گالہ میں 12 ارکان پنجاب اسمبلی آئے تھے جن میں 11 کا تعلق نون لیگ سے اور ایک کا پاکستان پیپلزپارٹی سے تھا۔
ذرائع کے مطابق بنی گالہ جانے والوں میں حلقہ پی پی 133 کے ابو حفصہ اور پی پی 270 کے شعیب اویسی شامل تھے، ان کے علاوہ حلقہ پی پی 93 کے چوہدری اشرف اور پی پی 209 سے ایم پی اے فیصل نیازی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
مزید ارکان اسمبلی میں پی پی پی 268 سے ایم پی اے ملک غلام قاسم ہنجرا، پی پی 114 کے چوہدری محمد ارشد، پی پی 269 کے اظہر عباس، پی پی 139 کے میاں جلیل، نشاط ڈاہا اور پی پی 285 سے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے غضنفر علی شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے رابطوں کی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے اور اس ضمن میں 5 ارکان سے رابطے بھی جاری ہیں۔