مانچسٹر: ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے اپنی ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ دینے سے انکار کردیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اب تک ورلڈ کپ میں چھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف پاکستان کے خلاف پہلے میچ ہی میں اسے کامیابی مل سکی ہے۔
کرس گیل کا بدھ کے روز کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے لیے کرکٹ کھیلنے کے ہر لمحے سے وہ بھرپور لطف اندوز ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی میرا کریئر ختم نہیں ہوا اور میں مزید کچھ میچز کھیل سکتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا کریئر کورٹنی والش اور کرٹلی ایمبروز جیسے کھلاڑیوں کے درمیان شروع ہوا تھا جنہیں آپ پہلے ٹی وی پر ہی دیکھتے تھے۔
مایہ ناز بلے باز نے کچھ عرصہ قبل ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہونے کا عندیہ دیا تھا تاہم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں رنز اسکور کرنے کے بعد ان کے ارادے تبدیل ہوگئے۔
انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرکے عالمی کپ میں کامیابی حاصل کرے۔