احسن اقبال نے نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی نااہلی ثابت کر دی ہے اور اب ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل مڈٹرم انتخابات ہیں۔ حکومت ایک سال میں لیے گئے سب سے زیادہ قرضوں کا حساب دے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک سال میں ہی قرض لینے کا سب جماعتوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس کے باوجود ملک بحران کا شکار ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے نیک نیتی کی بنیاد پر حکومت کو میثاق معیشت کی پیش کش کی لیکن اگر ہماری مخلصانہ پیشکش پر حکومت کو شک ہے تو ہم کچھ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ عمران خان حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنا ہی نہیں چاہتے اور کوئی بھی فرد، پارٹی یا ادارہ تنہا ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کر سکتا، ہمیں مل کر ملک کو بحران سے نکالنا ہو گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ قرضوں پر بنایا گیا کمیشن عمران خان کا سیاسی ایجنڈا ہے کیونکہ اس میں متعلقہ اداروں کے افراد شامل ہی نہیں، یہ اصل میں جے آئی ٹی بنائی گئی ہے جس میں صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔

مسلم لیگی رہنما نے نون لیگ میں گروپ بندی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پارٹی میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے، مریم نواز حکومت کے خلاف بھر پور احتجاج کی رائے رکھتی ہیں لیکن شہباز شریف نہیں، تاہم اس کا فیصلہ پارٹی اجلاس میں باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔

مسلم لیگی رہنما نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 26 تاریخ کو اس میں حزب اختلاف کی تمام جماعتیں شریک ہو رہی ہیں جس کا ایک نکاتی ایجنڈہ معاشی بحران ہے۔

ندیم ملک لائیو میں ایڈز سے متعلق بات کرتے ہوئے منیجر نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر عبدالبصیر اچکزئی نے کہا کہ فیصل آباد میں ایڈز سے متاثرہ مریض 10 سے 12 سال کے ہیں اور وہ مستقل اپنا علاج کرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں 2 ہزار 6 سو کے اعداد وشمار غلط ہیں، اصل تعداد ایک ہزار 3 سو ہے جبکہ اس وقت پاکستان میں ایک لاکھ 65 ہزار ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہیں۔

ایڈز کے متاثرہ مریض محمد اشرف نے کہا کہ تحصیل کوٹ مومن کے گاؤں کوٹ عمرانہ میں گزشتہ 3 سے 4 سال کے دوران 300 ایڈز سے متاثرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سرگودھا کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایسے مریضوں کو علاج کی سہولت میسر نہیں۔

ڈاکٹر عبدالبصیر اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں ایڈز کے 35 سینٹرز قائم ہیں جس میں ہر وقت ادویات موجود ہوتی ہیں۔ کوٹ عمرانہ میں ایڈز سے ہلاک ہونے والوں کی سامنے آنے والی تعداد بھی درست نہیں ہے وہاں 86 مریض سامنے آئے تھے جبکہ سرگودھا میں 668 مریض رجسٹرڈ ہیں۔ جن کا سرگودھا میں باقاعدہ علاج ہو رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ایڈز پھیلنے کی بڑی وجہ آگاہی کی کمی ہے۔ خون ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کو چاہیے کہ سرنجیں ہر بار نئی استعمال کریں جبکہ نائیوں کی دکان سے بھی ایڈز پھیلتا ہے جہاں احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جاتیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں قوانین موجود ہیں جس پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔ کئی لیبارٹریز غیر قانونی چل رہی ہیں۔ ہمارے عوام کو خود بھی اپنی حفاظت کے لیے قوانین پر عملدرآمد کرنا چاہے۔


متعلقہ خبریں