ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام کا اعتکاف شروع


اسلام آباد: ملک بھر میں آج لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے۔ 

اعتکاف میں بیٹھنے والے رمضان المبارک کے آخری عشرہ  ’’ماہ شوال کا چاند نظر آنے تک‘‘ عبادت میں گزاریں گے۔

مساجد میں معتکفین کے لیے درس قرآن و حدیث اور شرعی مسائل سے آگاہی کے لیے تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’ٹھہر جانے‘ اور ’خود کو روک لینے کے‘ ہیں

اعتکاف میں شرکت کیلئے لوگ 20 ویں رمضان سے عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم کر کے مساجد سے باہر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں رمضان میں کیا کھائیں؟

مسلمان رمضان کے آخری عشرے میں دنیاوی معاملات سے کٹ کر اللہ کی خوشنودی کے لیے عبادات میں مصروف رہیں گے جو یقیناً بہت بڑی سعادت ہے، اس دوران مرد حضرات مساجد میں قیام اورعبادت کرتے ہیں جبکہ خواتین گھروں میں اعتکاف کرتی ہیں، طاق راتوں میں مسلمان شب بھر اللہ کے حضورعبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات کے لیے دعا کرتے ہیں۔

ملک کی بڑی مساجد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کیے گئے جبکہ اعتکاف بیٹھنے والوں کے لیے مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحر و افطار کا انتظام کیا جائے گا تاہم عام طور پر معتکفین کی سحر و افطار کی ذمہ داری اُن کے اہلخانہ کی ہوتی ہے۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہو گا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے جبکہ لاہور میں منہاج القرآن کی جانب سے بھی اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں سیکڑوں افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔


متعلقہ خبریں