پی ٹی آئی ملک کی امیرترین سیاسی جماعت



اسلام آباد: کس کے پاس کتنے اثاثے ہیں، غریب جماعت کون سی اور امیر  کون سی ہے، الیکشن کمیشن نے81 سیاسی جماعتوں کی مالی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

الیکشن کمیشن پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے پاس 31  کروڑ66 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں اور پارٹی کے اثاثے میں ایک سال کے دوران 22 کروڑ روپے مالیت کا اضافہ ہوا۔

دستاویزات کے مطابق حکمراں جماعت کو سمندر پار پاکستانیوں سے بھی فنڈز ملتے ہیں۔ پی ٹی آئی  چھ اکاؤنٹس ظاہر کرنے کے ساتھ ممنوعہ فنڈنگز نہ لینے کا سرٹیفیکٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی سب سے بڑے جماعت مسلم لیگ ن کے پاس 25 کروڑ تینتس لاکھ ستتر ہزار سے زیادہ کی مالیت کے اثاثے ہیں ۔ ن لیگ کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران دو کروڑ روپے مالیت کا اضافہ ہوا۔

اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے پاس سولہ کروڑ ستر لاکھ روپے سے زیادہ کا بینک بیلنس ہے۔

جماعت اسلامی دس کروڑ تریسٹھ لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہے۔ وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے پاس چار کروڑ ننانوے لاکھ روپے سے زیادہ مالیت کے اثاثے ہیں۔

الیکشن کمیشن پاکستان کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی الیکشن کے سال پارٹی ٹکٹس کی مد میں بڑی رقوم جمع کیں۔

سال 2018 میں تحریک لبیک کو چندے کی مد میں پچاس لاکھ روپے ملے۔ شیخ رشید کی جماعت عوامی مسلم لیگ کے بینک بیلنس میں ایک لاکھ اڑتیس ہزار روپے ہیں اور یہ پارٹی ملک کی غریب ترین سیاسی جماعت ہے۔


متعلقہ خبریں