سری لنکا: خواتین پر منہ چھپانے یا ڈھانپنے پہ پابندی عائد کردی گئی

سری لنکا: خواتین پر منہ چھپانے یا ڈھانپنے پہ پابندی عائد کردی گئی

کولمبو: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے خوفناک بم دھماکوں کے بعد حکومت نے خواتین کے منہ برقع یا چادر سے چھپانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ قدم ان اقدامات کا تسلسل ہے جو ہنگامی بنیادوں پر سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد اٹھائے جارہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے کپڑے جو چہرے کو پوری طرح سے ڈھانپتے ہوں یا چھپاتے ہوں ان کے پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق سری لنکا کی حکومت نے یہ قدم ایک ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب وہاں کے اراکین پارلیمنٹ نے سیکیورٹی کے حوالے سے برقع پر پابندی لگانے کے لیے ایک پرائیوٹ ممبر موشن پیش کیا۔

بھارت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومتی فیصلے کے بعد  مسلم علما کی ایک تنظیم ’اے سی جے یو‘ نے بھی اپنے  بیان میں مسلمان خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے چہرے کو ڈھکنے والے کسی طرح کے نقاب کو نہ پہنیں تا کہ  سیکورٹی فورسز کو مشکلات درپیش نہ ہوں۔

21 اپریل کو ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکوں میں سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔

سعودی عرب سے شائع ہونے والے مؤقر اخبار ’اردو نیوز‘ جدہ کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں قائم سعودی سفارتخانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی قانون پر عمل کرتے ہوئے عوامی مقامات پر نقاب کا استعمال نہ کریں۔

اخبار کے مطابق سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کے بعد ہنگامی قانون جاری کیا گیا ہے جس کی پابندی کرنا سب کا فرض ہے۔


متعلقہ خبریں