ملکی تاریخ میں پہلی بار فیس بک انوویشن لیب قائم


سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے پاکستان کی وزارت آئی ٹی اور قومی ٹیکنالوجی فنڈ کے اشتراک سے ملکی تاریخ میں پہلی بار فیس بک انوویشن لیب قائم کر دی ہے۔

جامعہ لمز کے قومی انوویشن سینٹر میں قائم انوویشن لیب کا مقصد پروگرامنگ ڈیولپرز، کاروباری افراد اور مختلف کمیونٹی گروپس کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے تجربات کا آپس میں تبادلہ کر سکیں۔

یہ لیب ان ایپلیکیشن ڈویلپرز کو بھی مدد فراہم کرے گی جو جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی میں مخلتف سافٹ ویئرز اور ایپلیکیشنز بنانا چاہتے ہیں جیسے کہ ورچوئل ریائلیٹی۔

اس ضمن میں فیس بک حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک پاکستان میں ایک کار آمد کمیونٹی بنانے کا خواہاں ہے اور ہمارا یہ ماننا ہے کہ اس طرح کی ٹیکنالوجی کے منصوبے نئے کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کو جدید طریقوں سے چلانے میں مدد فراہم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ لیب نہ صرف جدید سافٹ ویئرز اور ایپلیکیشنز بنانے مدد فراہم کرے گی بلکہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں تجربہ رکھنے والے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا بھی ذریعہ بنے گی جس سے نوجوان ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

جامعہ لمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد نے کہا کہ انوویشن جامعہ لمز میں تحقیق کے میدان میں ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت رکھتی ہے۔


متعلقہ خبریں