پاکستان، ایران، ترکی ریلوے ٹریک دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

پاکستان، ایران، ترکی ریلوے ٹریک دوباہ بحال کرنے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: حکومت نے پاکستان سے ایران اور ترکی تک ریلوے ٹریک دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ایران کے ایک وفد سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے آپریشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ ایرانی وفد نے ریلوے آپریشن کی دوبارہ بحالی میں دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے اور امکان ہے کہ بہت جلد پاک،ایران ٹرین آپریشن ہو جائے گا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایران ہمارا  برادراسلامی ملک ہے اور ہم سے ریل ٹریک کے ذریعے بھی متصل ہے، دونوں ممالک کی اکانومی کا ایک حصہ کا ریل پہ انحصار ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں ریلوے ٹریک اپ گریڈ کرکے پاکستان اور ایران کے درمیان فاصلہ کم کیا جائے۔

گزشتہ ہفتے بھی شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان ریلویز کو ترکی، ایران ، افغانستان اور روس کے ساتھ ملانے جا رہے ہیں، ترکی اور ایران تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان  مسافر ٹرین چلانے کا فیصلہ 2018 میں دونوں ممالک کے ریلوے حکام کی ملاقات میں کیا گیا تھا۔ مذکورہ ٹرین محرم کے دوران زائرین کی ضروریات کو پورا کرے گی۔

پاکستان اور ایران کے درمیان کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریک 1920 میں بنایا گیا تھا۔ اس ٹریک کی اپ گریڈیشن میں اسٹرکچر کی تبدیلی، 183 ڈپس کی پلوں میں منتقلی، پرانے پلوں کی بحالی اور سگنلنز کی فراہمی کا ایک مکمل نظام شامل ہے۔ مذکورہ ٹریک بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے شروع ہوکر ترکی کے شہر استنبول تک جائے گا۔


متعلقہ خبریں