جمشید دستی : سابق قانون ساز قانون کے امتحانات میں فیل

جمشید دستی

ملتان: چیئرمین عوامی راج پارٹی اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی ایل ایل بی کے امتحان میں فیل ہوگئے ہیں۔ بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی طرف سے ایل ایل بی سال اول کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ سابق قانون ساز جمشید دستی سال اول میں قانون کے تمام پرچوں میں فیل قرار پائے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق دس سال تک رکن قومی اسمبلی رہنے والے جمشید دستی ولد سلطان محمود نے گزشتہ سال رول نمبر 1744 کے ساتھ گورنمنٹ سائنس کالج میں ایل ایل بی سال اول کے امتحانات دئیے تھے۔

چیئرمین عوامی راج پارٹی جمشید دستی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے زیرانتظام ملتان کےایک پرائیویٹ لا کالج کے ذریعےایل ایل بی کےامتحانات میں شریک ہوئے تھے۔

جمشید دستی کو 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جمشید دستی سیاست دان ہیں اور ان کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ سے ہے۔ ان کی وجہ شہرت عوامی سیاست ، اپنے علاقے کے روایتی جاگیردار سیاستدانوں کے خلاف آواز بلند کرنا اور ’جعلی ڈگری‘ بھی رہی ہے۔

وہ پہلی مرتبہ 2008 کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

2010 میں جعلی ڈگری رکھنے کے الزام میں انہیں قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینا پڑا تھا لیکن اس کے بعد وہ ضمنی انتخاب میں دوبارہ اسی نشست سے منتخب ہوگئے تھے۔

جمشید دستی نے 2008کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور پہلی مرتبہ قومی اسمبلی تک رسائی حاصل کی۔ 2013 کے عام انتخابات میں جمشید دستی نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔

گدھا گاڑی چلانے، دودھ دہی کی دکان پر سیلز مینی کرنے اور جوتوں کو پالش کرکے لوگوں میں گھلنے ملنے والے جمشید دستی نے گزشتہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد علاقے کے لوگوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پانچ بسیں مختص کی تھیں۔

عوامی راج پارٹی کے بینرز سے آویزاں یہ بسیں علاقہ مکینوں کو مفت سفری سہولیات مہیا کرتی تھیں مگر جولائی 2018 کے عام انتخابات میں شکست کے بعد اخباری اطلاعات کے مطابق انہوں نے فراہم کی جانے والی بس سروس بند کردی تھی۔

اطلاعات کے مطابق بسیں علاقے کے ایک پٹرول پمپ پر کھڑی کردی گئی تھیں۔ ان بسوں میں جمشید دستی نے خود بھی کئی مرتبہ ڈرائیوری کے فرائض انجام دیے تھے۔

چیئرمین عوامی راج پارٹی جمشید دستی نے 29 مئی 2017 کو چند لوگوں کے ساتھ مل کر مظفرگڑھ کینال پر ڈینگا نہر میں پانی جاری کرنے کے لیے کالو ہیڈورکس چینل پر گیٹ کھول دیا تھا جس پر پولیس نے انہیں گرفتاربھی کرلیا تھا۔


متعلقہ خبریں