بھارتی دراندازی اور لائن آف کنٹرول کی خلاف پر پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں میں قراردادیں منظور کرلی گئی ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قراردار جمع کروائی گئی جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے بھارئی جارجیت اور بزدلانہ کارروائی کی بھرپور مذمت کی، ایوان میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے بھارتی جارحیت پر بحث کرانے کی استدعا کی جس پر اسپیکر نے وقفہ سوالات کو مختصر کرتے ہوئے ارکان کو اظہار خیال کرنے کی اجازت دے دی۔
پنجاب اسمبلی کے تمام ارکان نے بھارتی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم یکجا ہے اور بھارت کو سبق سکھانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پورا ملک اس وقت متحد ہے، میں بلاجواز پنجاب کی عوام، حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے بھارت کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں اپنی فوج اور فضائیہ پر پورا اعتماد ہے اور پورا ملک اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فضائیہ نے رات کے اندھیرے میں ایک بزدلانہ کارروائی کرنے کی ناکام کوشش کی جسے پاک فضائیہ کے طیاروں نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ بھارتی طیاروں کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کی دراندازی: پاک فضائیہ کی کارروائی پر دشمن فرار
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے جب پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کو آتے دیکھا تو انہیں اپنی جان بچانا مشکل ہو گیا اور اُنھوں نے بوکھلاہٹ میں اپنا پے لوڈ گرا کر واپس بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی، بھارت صرف اپنی عوام کو جھوٹی کارروئی کا بتا کے خوش کرنا چاہتا ہے کہ ہم نے پاکستان میں ایئر اسٹرائیک کی ہے، دنیا کو پتہ ہی نہیں ہے کہ کہیں ائیر اسٹرائیک بھی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ذمہ دار اور ایٹمی طاقت والا ملک ہیں، بھارت کی اس بزدلانہ اور غیر ذمہ دارانہ حرکت پر ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کو بھارت کا اصل مکروہ چہرہ دکھائیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مودی الیکشن کے لئے جنگی جنون چاہتا ہے، مودی تم سن لو اپنی الیکشن کی جیت کے لیے عوام کے گلے میں جنگ کا ڈھول نہ باندھو وگرنہ تمہاری یہی عوام تمہیں کتھک ڈانس کروائے گی۔
سندھ اسمبلی میں بھی بھارتی جارجیت کے خلاف قراردار جمع کروائی گئی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے بھارتی جارجیت اور بزدلانہ کارروائی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کو پاکستانی حدود سے بھاگنے پر مجبور کر دیا، بھارتی جارجیت کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج اور قوم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار رہے، وزیراعظم
قرارداد پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل نے جمع کروائی، مذمتی قرارداد میں تمام سندھ اسمبلی ارکان نے یکجا ہونے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پوری قوم کی ترجمانی کر رہے ہیں، قومی پرچم تلے پاکستانی پوری قوم متحد ہے اور پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سندھ اسمبلی کی رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ بھارت حملہ کرنے کا سوچے بھی نہ، پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف جنگ لڑے گی، ہمارے ملک کا بچہ بچہ مودی حکومت کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی بھارتی بزدلانہ کارروائی کی بھرپور مذمت کی گئی تمام ارکان نے بھارتی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مزمت کی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستانی قوم کو للکار رہا ہے، بھارت کو کارگل اور 65 کی جنگ کو نہیں بھولنا چاہیے، انہیں پتہ ہو کہ وہ ایک غیرت مند قوم سے ٹکر لے رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن نگہت اورکزئی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ لاکھ اختلاف صحیح لیکن بھارت کے ساتھ جنگ میں ہم سب ایک ہیں، بھارتی سرکار ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں جیت سکتا۔